نئی دہلی( آن لائن )انتہاء پسند حکمران جماعت بی جے پی کی کامیابی کے بعد بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر بریلی کے ایک گاؤں میں مسلمانوں کو فوری طور پر نکل جانے کی دھمکیاں ملنے لگیں۔ انتہاء پسندوں نے بھارتی شہر بریلی سے 70 کلومیٹر دور ایک گاؤں میں مختلف مقامات پر درجنوں پوسٹر لگا دیے۔ ہندی زبان میں لکھے ان پوسٹروں پر لوگوں کے دستخط تھے جبکہ وہاں کے رکن اسمبلی کا نام بھی لکھا تھا۔
رات گئے لگائے گئے ان پوسٹروں میں مسلمانوں سے کہا گیا ہے کہ رواں برس کے آخر تک گاؤں چھوڑ دیں، ورنہ سنگین نتائج کے لئے تیار رہیں۔ ایک پوسٹر پر درج تھا کہ ٹرمپ جو امریکا میں کر رہا ہے، وہ ہم اپنے گاؤں میں کر رہے ہیں، کیونکہ یہاں بی جے پی کی حکومت ہے۔ پولیس نے پوسٹرز ہٹا کر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ اس گاؤں کی دو ہزار آبادی میں دو سو مسلمان ہیں۔ ۔