کابل(آئی این پی )افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے کہا ہے کہ پڑوسی ممالک کو افغانستان میں ڈیموں اور پانی کے دیگر ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔ اشر ف غنی نے پانی کے وسائل کی ترقی کے حوالے سے چوتھی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پانی ہمارے عوام اور خطے کے مفاد کیلئے ہے ،
ہمارے رہنما اصول اپنے عوام کے حقوق کیلئے کھڑے ہونا ہے ۔ہم اپنے پڑوسیوں سے امید کرتے ہیں کہ وہ ملک میں ڈیموں اور پانی کے دیگر ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے فکرمند ہونے کی بجائے ان اقدامات کی حمایت کریں گے ۔افغان صدر نے کہاکہ خشک سالی اور سیلاب موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ایک خطرہ ہیں۔قدرتی وسائل کی مناسب انتظامیہ اگلے 20سالوں میں ملک کو مستحکم کرنے میں مددگار ہوسکتی ہے ۔