واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزیرِ دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے کسی قسم کا استعمال کا ‘موثر اور زبردست’ جواب دیا جائے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میٹس جنوبی کوریا میں گفتگو کر رہے تھے، جس کے بعد وہ ٹوکیو روانہ ہو گئے۔انھوں نے اس سال کے اواخر میں جنوبی کوریا میں امریکی دفاعی میزائل نظام نصب کرنے کے منصوبے کی بھی تصدیق کی۔میٹس نے اپنی موجودگی کے دوران جنوبی کوریا کو یقین دلایا کہ اس خطے کے تحفظ کے لیے
ٹرمپ انتظامیہ کا عزم ’آہنی‘ ہے۔اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب ہان من کو سے ملاقات کے بعد میٹس نے بتایا کہ امریکہ یا ہمارے اتحادیوں پر کسی بھی حملے کو شکست دی جائے گی، اور جوہری ہتھیاروں کے کسی بھی استعمال کا موثر اور زبردست جواب دیا جائے گا۔امریکہ کی جنوبی کوریا اور جاپان میں خاصی فوجی موجودگی ہے۔ جنوبی کوریا میں ساڑھے 28 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں، جن کے لیے جنوبی کوریا 90 کروڑ ڈالر ادا کرتا ہے۔اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جنوبی کوریا اور جاپان دونوں خود اپنے دفاع کے اخراجات برداشت کریں۔