کابل (آئی این پی)افغان قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمر نے کہا ہے کہ افغانستان اور بھارت کے درمیان صدیوں سے بہت مضبوط تعلقات ہیں ، افغان قوم بھارتی حکومت اور عوام کی امداد اور تعاون کو کبھی نہیں بھولیں گے،ہماری تاریخی ،ثقافتی ،سیاسی اور سماجی اقتدار مشترک ہیں، ہم اپنے دشمنوں کے خلاف مضبوطی سے متحد اور کھڑے ہونگے ۔
جمعرات کو افغان میڈیا کے مطابق قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمر نے بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ افغان قوم بھارتی حکومت اور عوام کی امداد اور تعاون کو کبھی نہیں بھولیں گے۔اس اہم موقع اور دن پر بھارتی عوام اور حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں یہ دن ہمیں بھارت کے ساتھ سدا بہار دوستی ،تعاون ،انسداد دہشتگردی اور انتہا پسندی سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے ہمارے مضبوط عزم کو یاد دلاتا ہے ۔انکا کہنا تھاکہ یہ ہمیں سختیوں اور غموں کو یاد دلاتا ہے جو مہاتما گاندھی نے اس عظیم قوم کی خود مختاری کیلئے برداشت کیے ہم سب کو امن ،خوشحالی ،اپنے عوام کے فلاح وبہبود اور پورے بنی نوع انسان کی ہم آہنگی کیلئے ان کی پیروی کرنی چاہیے ۔حنیف اتمار نے کہاکہ افغانستان اور بھارت کے درمیان صدیوں سے بہت مضبوط تعلقات ہیں ۔ہماری تاریخی ،ثقافتی ،سیاسی اور سماجی اقتدار مشترک ہیں۔ہم اس سب کیلئے بہت شکر گزار ہیں اور ہم اپنے دشمنوں کے خلاف مضبوطی سے متحد اور کھڑے ہونگے ۔