بیجنگ (آئی این پی )چین نے ا مریکہ کی درخواست پر اپنے پانیوں میں تحویل میں لیاگیا امریکی آبی ڈرون واپس کر دیا ، یہ ڈرون جنوبی بحیرہ چین کی آبی حدود سے قبضے میں لیا گیا تھا۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین نے بحیرہ جنوبی سے قبضے میں لیاگیا امریکہ کا آبی ڈرون اسے واپس کر دیاہے۔
چینی وزارت دفاع کے ترجما ن یانگ یوجن نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ نے جمعہ کے روز باضابطہ درخواست کی تھی کہ اس کا آبی ڈرون واپس کیا جائے جس پر دونوں کے درمیان معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا گیاہے اور دوستانہ افہام و تفہیم کے بعد ا پنے پانیوں میں پکڑے جانیوالے امریکی آ بی ڈرون کو امریکہ کے حوالے کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا آبی ڈرون کی واپسی دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ بات چیت کے بعد عمل میں آئی۔ دوسری طرف چینی وزارت خارجہ نے منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کو بھی مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ چین نے امریکہ کا آبی ڈرون پکڑا نہیں بلکہ چوری کیا ہے ۔
قبل ازیں چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوان چھون انگ نے کہا کہ امریکہ تائیوان کے مسئلے کی حساسیت اور اہمیت کو سمجھے ، تائیوان کا مسئلہ چین کے کلیدی مفادات سے وابستہ ہے ۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوان چھون انگ نے کہا کہ تائیوان کا مسئلہ چین کے اقتدار اعلی اور علاقائی سالمیت سے تعلق رکھتا ہے۔ اور چین کے کلیدی مفادات سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ امریکہ تائیوان کے مسئلے کی حساسیت اور اہمیت کو پوری طرح سمجھے گا اور ایک چین کی پالیسی اور دونوں ملکوں کے درمیان طے ہونے والے تین مشترکہ بیانات میں متعلقہ دفعات اور اصولوں پر عمل پیرا رہیگا۔