ممبئی (شوبز ڈیسک) بھارتی سنیما کے معروف اور ہمہ جہت اداکار شری گووردھن اسرانی 84 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد ممبئی میں انتقال کر گئے۔ ان کے بھتیجے نے میڈیا سے گفتگو میں اداکار کے انتقال کی تصدیق کی۔
اسرانی نے اپنے پچاس سالہ فلمی کیریئر میں بالی وڈ کو بے شمار یادگار کردار دیے اور مداحوں کے دلوں میں اپنی منفرد مزاحیہ اداکاری سے خاص مقام حاصل کیا۔ وہ 350 سے زائد فلموں میں جلوہ گر ہوئے اور ان کی شاندار اداکاری نے انہیں بھارتی سنیما کے معتبر فنکاروں کی صف میں لا کھڑا کیا۔1970 کی دہائی اسرانی کے فنی سفر کا عروج ثابت ہوئی، جب وہ انڈسٹری کے مقبول ترین کریکٹر ایکٹرز میں شامل ہو گئے۔ انہوں نے ’میرے اپنے‘، ’کوشش‘، ’باورچی‘، ’پریچے‘، ’ابھی مان‘، ’چپکے چپکے‘، ’چھوٹی سی بات‘، ’رفو چکر‘ اور کلاسک فلم ’شعلے‘ میں یادگار کردار ادا کیے۔
فلم شعلے میں ان کا جیل وارڈن کا کردار آج بھی ناظرین کو یاد ہے۔بعد ازاں انہوں نے ’دھمال‘، ’بھول بھلیاں‘، اور ’بنٹی اور ببلی 2‘ جیسی نئی نسل کی فلموں میں بھی اپنی مزاحیہ اداکاری سے نیا رنگ بھرا۔ ان کی کامیڈی ٹائمنگ اور ڈائیلاگ کی انفرادیت نے انہیں فلمی دنیا کا لازوال فنکار بنا دیا۔اسرانی کے انتقال کی خبر پر بالی وڈ کے فنکاروں اور مداحوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور انہیں ایک ایسے اداکار کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے جنہوں نے نصف صدی تک ناظرین کو مسکراہٹیں بخشی۔