نیو یارک( آن لائن )سلامتی کونسل نے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائدکردیں، جوہری ہتھیار تلف اور ایٹمی پروگرام بند کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔سلامتی کونسل نے شمالی کوریا پر نئی پابندیوں کی متفقہ منظوری دے دی جس کے تحت شمالی کوریا کی کوئلیکی برآمدات کو 75 لاکھ ٹن تک محدود کیا جائے گا۔ اس سے شمالی کوریا کو 70کروڑ ڈالرکانقصان اٹھانا پڑے گا۔ووٹنگ میں چین نے بھی نئی پابندیوں کے حق میں ووٹ دیا۔اجلاس میں شمالی کوریا سے جوہرہ ہتھیار تلف اور ایٹمی پروگرام بند کرنے کا مطالبہ کیاگیا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی مندوب سمانتھا پاور نے کہا کہ یہ اب تک عائد کی جانے والی سخت ترین پابندیاں ہیں۔ شمالی کوریا نے بات چیت کے بجائے خلاف ورزیوں کا راستہ اختیار کیا تو اپنی اور اتحادیوں کی حفاظت کے لیے اس پر دباو بڑھاتے رہیں گے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے تمام ممالک سے پابندیوں پرعمل درآمدکی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا اشتعال انگیزی بند کرکے عالمی قوانین کی پاسداری کرے۔