اسلام آباد(آئی این پی )وزارت خارجہ نے سعودی عرب میں گرفتار پاکستانیوں کی تفصیلات تیار کر لیں ، 4 سالوں میں سعودی عرب میں 7 ہزار 6 سو 62 پاکستانی گرفتار ہوئے ، قانونی معاونت کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔پیر کو وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب میں گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں اس سلسلے میں قیدیوں کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں
جبکہ قانونی معاونت کیلئے اقدامات بھی جاری ہیں۔سعودی عرب کے شہر جدہ میں 4050 اور ریاض میں 3612 پاکستانی گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ جدہ میں سب سے زیادہ پاکستانی سال 2013 میں 1001 گرفتار کیے گئے۔رواں سال سب سے زیادہ 1016 پاکستانی ریاض میں گرفتار کیے گئے۔ پاکستانی شہری مختلف نوعیت کے مقدمات میں گرفتار ہوئے ہیں۔زبان سے ناواقفیت کے باعث گرفتار پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانیوں کی قانونی معاونت کے لیے ٹرانسیلیٹرز کی معاونت پر بھی غور ہو رہا ہے۔