واشنگٹن(این این آئی)ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے پینتالیس ویں صدر ہوں گے۔ اْن کی کابینہ میں کون ہوگا؟امریکی میڈیا میں متوقع نام سامنے آگئے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر خارجہ کے لیے سینیٹر باب کورکر ،وزیر دفاع کے لیے سینیٹر جیف سیشنز مضبوط امیدوار،ہوم لینڈ سیکیورٹی کے وزیر کے لیے ڈیوڈ کلارک اور وزیرداخلہ کے لیے فاریسٹ لوکاس کانام سامنے آیا ہے۔طویل اور تھکا دینے والی انتخابی مہم کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاوس پہنچنے میں کامیاب رہے۔ اب مرحلہ درپیش ہے کابینہ کے ارکان کو منتخب کرنے کا۔امریکی میڈیا کا کہنا تھا اس سلسلے میں ایک ہفتہ پہلے ہی مشاورت مکمل کرلی گئی تھی، کابینہ میں کون سے چہرے ہونگے ،
متوقع نام بھی سامنے آگئے ۔ٹرمپ کی متوقع کابینہ میں سب سے اہم قلم دان وزارت دفاع کے لیے ہے، جس کے لیے الاباما سے سینیٹر جیفرسن سیشنز مضبوط امیدوار ہیں۔وزارت خارجہ کے قلم دان کیلیے سینیٹر باب کورکر کا نام زیر غور ہے۔ ٹینیسی سے تعلق رکھنے والے باب کورکر اس وقت امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔ وہ مالیاتی اصلاحات کے مخالف سمجھے جاتے ہیں،انہوں نے 2013 میں اسلحے کے خریدار کا ماضی جاننے سے متعلق بل کے خلاف ووٹ دیا تھا۔ڈیوڈ کلارک کا نام ہوم لینڈ سیکیورٹی کے وزیرکیلیے زیر غور ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ سیاہ فاموں سے زیادہ سفید فام پولیس تشدد کا زیادہ نشانہ بنتے ہیں ۔
کلارک کا خیال ہے امریکا کی بقا کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو آگے بڑھانا چاہیے۔ٹرمپ کی متوقع کابینہ میں فاریسٹ لوکاس کانام وزیرداخلہ کے لیے سامنے ا?یا ہے۔ کابینہ کے دیگر متوقع ارکان میں،نیوجرسی کے گورنر کرس کرسٹی نیویارک کے سابق میئر روڈی گیلانی اور وائٹ ہاوس کے چیف آف اسٹاف کے لیے ری پبلکن نیشنل کمیٹی کے چیئرمین رائنس پریبس مضبوط امیدوار سمجھے جارہے ہیں