سرگودھا(آن لائن) سعودی حکومت کی جانب سے سعودی عرب میں عمرہ فیس ختم کر دی، جبکہ حجرہ اسود کا بوسہ دینے کیلئے خواتین کا ٹائم مخصوص کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، مسجد نبوی میں بھی خواتین کیلئے روزہ رسول کی زیارت کے لئے مخصوص ٹائم دیا جاتا ہے، ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے دنیا بھر کے سفارتخانوں کو عمرہ فیس ختم کرنے کے احکامات موصول ہو چکے ہیں، جس کے بعد تمام ممالک کے سفارتخانے اب عمرہ زائرین سے دو ہزار ریال فیس وصول نہیں کریں گے، عمرہ ویزہ فیس کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں شدید اضطراب پایا جا رہا تھا، جس پر سعودی عرب کی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا تھا کہ عائد کی جانے والی عمرہ فیس دو ہزار ریال ختم کر دی جائے، اسی طرح سعودی حکومت کی جانب سے اب خانہ کعبہ میں خواتین کیلئے حجر اسود کے بوسے کے لئے ٹائم مقرر کیے جانے کا امکان ہے، اس ضمن میں سوچ و بچار کی جا رہی ہے کہ خواتین کیلئے حجرہ اسود کا بوسہ لینے کیلئے مخصوص ٹائم مقرر کیا جائے اور اس دوران خانہ کعبہ میں سپیشل انتظامات کیے جائیں گے، خواتین کے حجرہ اسود کے بوسہ لینے کے اوقات میں مرد حضرات کو بھی طواف کرنے کی اجازت ہو گی، اور مخصوص جگہ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے خواتین کیلئے حجرہ اسود کا بوسہ لینے کیلئے انتظامات کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ اب تک پاکستان سے 52 ہزار سے زائد افراد کو عمرہ ویزہ جاری ہو چکے ہیں، اور اس طرح پاکستان دنیا بھر میں اس سال عمرے کے ویزے لگوانے میں سر فہرست ہے، دوسری طرف ٹریول ایجنٹس اور ٹوور آپریٹر کمپنیوں نے سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ فیس ختم کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے خادم حرمین شریفین اور سعودی وزارت مذہبی امور کا شکریہ ادا کیا۔