نئی دہلی (آئی این پی)بھارت او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں کشمیر کے حق میں قرار داد منظور ہونے پر سیخ پا ہوگیا ،بھارت کا کہنا ہے کہ کشمیر کے معاملے میں او آئی سی کو مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے،او آئی سی مستقبل میں اسطرح کے حوالہ جات بنانے سے گریز کرے۔بدھ کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان وکا س سوراپ کاکہنا ہے کہ کشمیر کے معاملے میں او آئی سی کو مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے ،او آئی سی کوپاکستان کی جانب سے کشمیر کے معا ملے پر بھارت کے خلاف بین الاقومی رائے کیلئے استعمال کیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اوآئی سی کو ایک بار پھر سے
وزراء4 خارجہ کی کونسل کے 43ویں سیشن کے دوران بھارت کے اندرونی معاملات پر تبصرہ کرنے کیلئے منتخب کیا گیا۔او آئی سی کو بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ہم او آئی سی کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ مستقبل میں اسطرح کے حوالہ جات بنانے سے گریز کرے۔واضح رہے کہ اسلامی تعاون کونسل او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 43 ویں اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کیخلاف قراردادمنظور کی گئی تھی۔او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کشمیریوں کے حق کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ منظور کی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم پراپنی خاموشی توڑے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد کرائے۔ کشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث عناصرکوقانون کے کٹہرے میں لایاجائے اورکشمیری عوام کیلئے انسانی بنیادوں پر خصوصی فنڈ بنایا جائے۔