اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی میں پاکستان امریکا تعلقات کے حوالے سے ہونیوالی بحث کا مسودہ جاری کردیا گیا۔مسودے کے مطابق کمیٹی کے چیئرمین باب کورکر نے اپنے افتتاحی بیان میں افغانستان میں سرگرم دہشت گرد گروپس کو شکست دینے میں پاکستان کے مبینہ طور پر عدم تعاون پر مبنی رویے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے کورکر اور ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹر بین کارڈن نے اجلاس کے شرکاء4 سے پوچھا کہ پاکستان کو تعاون پر مجبور کرنے کے لیے امریکی ارکان کانگریس کو کیا اقدامات کرنے چاہئیں۔اجلاس میں شریک جان ہاپکنز یونیورسٹی کے پروفیسر ڈینیئل مارکی نے کمیٹی کو بتایا کہ ’پاکستان کے حوالے سے پالیسی میں بڑی تبدیلی جیسے امداد کی بندش، دہشت گردوں کی معاونت کرنے والی ریاست قرار دینا یا پابندیاں عائد کرنے سے قبل ارکان کانگریس کو یہ ثابت کرنا پڑے گا کہ ایہ اقدامات کس طرح امریکا کے اسٹریٹجک مفاد میں بہتر ہوں گے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کانگریس کو یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ایسے اقدامات بیک فائر کرسکتے ہیں، اس سے کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے اور ہوسکتا ہے کہ پاکستان کی تعمیری ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی خواہش کو نقصان پہنچے۔ڈینیئل مارکی نے کہا کہ موجودہ صدر براک اوباما کے مقابلے میں نیا آنے والا امریکی صدر پاکستان کے حوالے سے پہلے سے زیادہ جابرانہ حکمت عملی اپنا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں پاکستان کی امداد مکمل طور پر بند کرنے کے بجائے اس میں کمی اور تشکیل نو پر غور کرنا چاہیے اور اس عمل کے دوران امریکا کو واضح شرائط اس طریقے سے سامنے رکھنی چاہئیں کہ امریکی اور پاکستانی عوام اسے سمجھ سکیں‘۔کارنیگی انڈاؤمنٹ فار انٹرنیشنل پیس کے شریک ڈائریکٹر توبی ڈیلٹن نے کمیٹی کے سامنے وضاحت پیش کی کہ ’امریکا کو کیا کرنا چاہیے اور امریکا کیا کرسکتا ہے، ان دو باتوں میں بہت فرق ہے‘۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور دیگر ممالک کو چاہیے کہ وہ پاکستان کو اس بات پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں کہ وہ اپنے جوہری پروگرام میں پیش رفت نہ کرے۔ان کا کہنا تھا کہ ’ایمانداری کی بات تو یہ ہے کہ جب سے پاکستان نے اپنا جوہری پروگرام شروع کیا اس وقت سے امریکا نے اسے روکنے کی بہت کم کوشش کی، ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا ماضی میں پابندیوں اور مراعات کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں‘؟امریکی کی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے اسلام آباد میں تعینات رہنے والے سابق اسٹیشن منیجر روبرٹ ایل گرینیئر نے کمیٹی کو بتایا کہ ’1993 اور 1994 میں پاکستان ان ممالک کی امریکی فہرست میں تقریباً شامل ہو ہی چکا تھا جنہیں امریکا نے دہشت گردوں کی معاونت کرنے والے ممالک قرار دیا تھا تاہم امریکی قومی مفادات کی وجہ سے واشنگٹن اس وقت یہ فیصلہ نہیں لے سکا‘۔سینیٹر باب کورکر نے یاد دلایا کہ ’رواں برس مئی میں سینیٹ نے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی خریداری کے لیے فنڈز کے اجراء کو روکنے کا حکم دیا جو میرے خیال سے مناسب اقدام تھا‘۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے امریکی حکومت اور ارکان کانگریس کی مایوسی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
1993 ء میں امریکہ نے پاکستان کے بارے میں کیا فیصلہ کر لیا تھا؟ CIA کے اعلیٰ افسر کے اہم انکشافات
16
ستمبر 2016
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں