نئی دہلی (این این آئی) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی افواج نے گزشتہ تین ماہ کے دوران تین باربھارتی سرحدی حدودکی زمینی وفضائی خلاف ورزی کی ،بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ ریاست اتراکھنڈ میں چینی فوج کے داخلے سے قبل چین کے جاسوسی کرنے والے طیاروں نے بارہا بھارتی حدود کی خلاف ورزی کی۔ اخبار نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ چینی افواج کے Tupolovtu 153M طیارے نے اترپردیش، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے علاقوں میں دراندازی کی۔بھارتی انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران یہ کام تقریباً تین بار ہوا۔ رپورٹ کے مطابق چین کا جاسوسی طیارہ 40 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرتا ہے اور ہر قسم کے راڈار سے بچنے کے لئے 60 ہزار فٹ کی بلندی تک جاسکتا ہے، جبکہ اتنی زیادہ بلندی سے بھی زمین پر موجود اہداف کی تصاویر بناسکتا ہے اور حساس معلومات اکٹھی کرسکتا ہے۔ چینی جاسوس طیارہ یہ تمام کام خراب موسم اور رات کی تاریکی میں بھی بخوبی کرسکتا ہے۔یاد رہے کہ بھارتی میڈیا نے حال ہی میں شور مچایا تھا کہ رواں ماہ کے آغاز میں چینی فوج ریاست اتراکھنڈ میں داخل ہو گئی تھی۔ بھارتی میڈیا میں اس حوالے سے یہ خبر بھی آئی تھی کہ چینی فوجیوں نے ایک بھارتی سویلین ٹیم کو اس علاقے سے یہ کہہ کر بھگادیا تھا کہ یہ چینی علاقہ ہے جس کا نام ’’ووجے‘‘ ہے