مقبوضہ بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج اور پولیس کی سخت ترین پابندیوں اور رکاوٹوں کے باجود لاکھوں فلسطینی شہریوں نے مسجد اقصی میں نماز ادا کی ۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کے روز صبح ہی سے اسرائیلی فوج اور پولیس نے غرب اردن، بیت المقدس شمالی اور جنوبی فلسطین کے علاقوں سے آنیوالے فلسطینیوں کو روکنے کیلئے ناکہ بندی کردی تھی تاہم اسرائیلی پابندیوں کے باوجود دسیوں ہزار فلسطینی نمازی مسجد اقصیٰ پہنچنے میں کامیاب رہے۔اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد 50 سال سے زائد عمر کے 250 فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کیلئے جانے دیا گیا۔ بعد ازاں اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے شہریوں کے قبلہ اول آمد پر نئی پابندی عائد کرتے ہوئے غزہ کے نمازیوں کی تعداد 300سے کم کرکے 150 کردی گئی۔