واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزارت خارجہ نے امریکی شہریوں کو سعودی عرب کے شہر جدہ کا سفر کرنے کے بارے میں خبردار کیا ہے اور انھیں ہدایت کی ہے کہ وہ اس شہر میں غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔ امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایسی رپورٹ موصول ہوئی ہیں کہ جن سے پتہ چلتا ہے کہ جدہ شہر میں امریکی شہریوں پر حملے ہو سکتے ہیں اس لیے امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس شہر کا غیرضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔اسی طرح ریاض میں امریکی سفارت خانے کو ایسی رپورٹیں موصول ہوئی ہیں کہ جن میں کہا گیا ہے کہ جدہ کے ان علاقوں میں کہ جہاں مغربی شہریوں کی زیادہ آمدورفت ہے، ممکنہ طور پر حملے ہو سکتے ہیں۔امریکی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بازاروں، مارکیٹوں اور ریستورانوں کی مانند پرہجوم علاقوں میں زیادہ آمدورفت نہ کریں۔ اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور سفر سے پہلے احتیاطی اقدامات انجام دیں۔