میونخ(آئی این پی ) جرمنی کے شہر میونخ کے ایک شاپنگ سینٹر میں فائرنگ کے واقعے میں15افرا د ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ،پولیس نے واقعے کے بعد شاپنگ مال کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا تاحال کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمنی کے شہر میونخ کے اولمپیا شاپنگ سینٹر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 15افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جرمن پولیس نے واقعے کے بعد شاپنگ مال کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ باویرین نشریاتی ادارے بی آر نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ یہ واقعہ شہر کے موزاخ نامی علاقے کے اولمپیا شاپنگ سینٹر میں پیش آیا ہے۔میونخ کی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے میونخ کے مشہور اولمپیا شاپنگ مال میں داخل ہوکر فائرنگ کر دی جس سے ہر طرف افراتفری پھیل گئی، اس بھگدڑ میں بھی کئی افراد زخمی ہو گئے۔ جب فائرنگ کی گئی تو اس وقت شاپنگ مال میں خواتین اور بچوں کی بھی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔اس واقعہ کے بعد شاپنگ سنٹر کو خالی کرا کر آپریشن شروع کر دیا گیا۔ میونخ کی پولیس کی جانب سے ٹوئیٹر پر ایک پیغام میں اس واقعے کی تصدیق کی گئی ہے ا ور لوگوں سے اس علاقے کی جانب جانے سے گریز کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔تاحال کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔