دوحہ (امانیٹرنگ ڈیسک) قطر میں مقیم غیر ملکی ملازمین تیل کی قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں اپنی ملازمتوں سے محروم ہوتے جا رہے ہیں۔مبصرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی کرنے والے عرب ملکوں کو بتدریج اپنے بجٹ میں خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں ہونے والی بھاری کمی نے دیگر عرب ممالک کی طرح قطر کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔ ایل این جی برآمد کرنے والے دنیا کے سرفہرست ممالک میں شمار ہونے والے ملک قطر میں اس بحران نے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والے لاکھوں غیر ملکیوں کو روزگار سے محروم کر دیا ہے۔تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر اور نوکریوں سے محرومی کا نشانہ بننے والوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی انجینئر، وکیل اور کنسلٹنٹ سمیت پوری دنیا کے لوگ شامل ہیں۔