میو نخ ( آ ئی این پی)جرمنی میں مہاجرین اور ترک وطن کے وفاقی دفتر کے مطابق لاکھوں مہاجرین کی آمد کے بعد ملک میں نہ صرف روزگار کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں بلکہ اب تک تیس ہزار سے زائد مہاجرین کو ملازمتیں مل بھی چکی ہیں۔جرمنی کے وفاقی ادارہ برائے روزگار (AfA) اور مہاجرین اور ترک وطن سے متعلق وفاقی دفتر (بی اے ایم ایف) کے سربراہ فرانک ڑْرگن وائزے نے پیر کو ایک انٹر ویو میں کہا کہ گزشتہ برس کے آغاز سے لے کر اب تک جرمنی میں تیس ہزار سے زائد مہاجرین کو ملازمتیں مل چکی ہیں۔ ان مہاجرین نے اپریل 2015ء اور مارچ 2016ء کے درمیان جرمنی میں کام کرنا شروع کیا اور ان میں سے ہر چوتھا غیر ملکی اب کسی نہ کسی عارضی معاہدہ روزگار کے تحت کوئی نہ کوئی ملازمت کر رہا ہے۔ بی اے ایم ایف کے سربراہ کے مطابق ایسے زیادہ تر مہاجرین صفائی اور سکیورٹی کے شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔زیادہ تر مہاجرین ان شعبوں میں کام کر رہے ہیں جن میں جرمن اور یورپی شہریوں کی جانب سے ملازمتوں کے لیے عام طور پر کم درخواستیں دی جاتی ہیں۔