لندن(این این آئی)برطانیہ میں گزشتہ روز ایک خاتون رکن پارلیمان کے قتل کے بعد ’بریگزٹ‘ ریفرنڈم کی مہم تقریباً منجمد ہو کر رہ گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے کی حمایت اور مخالفت کرنے والے سیاستدانوں نے مقتولہ جَو کوکس کی ہلاکت کے سوگ میں اپنی اپنی مہم معطل کر دی ہے۔ لیبر پارٹی کی خاتون رکن پارلیمان جو کوکس شمالی شہر لیڈز کے قریب اپنے انتخابی حلقے میں گولیاں لگنے سے ہلاک ہو گئی تھیں۔ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب برطانوی پارلیمنٹ کے باہر لیبر پارٹی کی اس خاتون سیاستدان کی ہلاکت کے بعد شبینہ دعائیہ عبادت کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس اجتماع میں اراکین پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے شرکت کی۔ اسی طرح لندن کے نواحی علاقے ٹْوٹِنگ میں پارلیمنٹ کی ایک نشست کے لیے ضمنی الیکشن میں لیبر پارٹی کی کامیابی بھی دھندلا کر رہ گئی ہے۔