ریاض(آئی این پی)مسجد الحرام میں اذان کی ادئیگی کے لیے 18 موذن حضرات کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔سعودی میڈیا کے مطابق نماز پنجگانہ کے لیے مسجدالحرام کی انتظامیہ نے 18 موذن مقرر کیے ہیں جو حجر اسود کے بالمقابل کعبہ شریف کے قریب المکبریہ کے مقام پرہر نماز سے پہلے اپنی باری پر اذان دیتیہیں۔مسجدالحرام کے ذمہ دار ادارے کی جانب سے ملنے والی مصدقہ معلومات میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ پانچ ماہ کے دوران پانچ نئے موذن حضرات کی تربیت کی گئی جس کے بعد انہیں بھی مستقل موذنین میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل 7 قرا حضرات کی اذان کی تربیت کے بعد انہیں مسجدالحراممیں موذن مقرر کیا گیا تھا۔ یوں اس وقت کل 18موذن مسجد حرام میں باری باری اذان کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ نئے موذنوں کا تقرر بعض قرا کے موذن کے شعبے سے ریٹائرمنٹ کے بعد کیا گیا۔خیال رہے کہ مسجد حرام میں مکبریہ کے مقام پر اذان دینے کا آغاز شاہ عبدالعزیز آل سعود کے دور میں ہوا تھا۔ المکبریہ حجرہ صحن مطاف کے ساتھ ساتھ پھیلا ہوا اور بیت اللہ میں اذان کے لیے بہترین مقام قرار دیا جاتا ہے۔ یہ بیت اللہ کے نمایاں مقامات میں سے ایک ہے جو پورے حرم مکی کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔مسجدالحرام میں نماز مغرب کے سوا ہرنماز سے 20 منٹ قبل اذان دی جاتی ہے۔ موذن اذان سے آڈھ گھنٹا قبل تیاری کرکے مسجد پہنچ جاتا ہے۔ موذن کا انتخاب مسجدالحرام کے آئمہ اور حرمین شریفین کے نگراں ادارے کے چیئرمین کے مشورے سے عمل میں لایا جاتا ہے۔ موذن کے لیے تقوی، پرہیزگاری، خوش الحانی اور حافظ قرآن ہونے کی بنیادی شرائط دیکھی جاتی ہیں۔