نیویارک(آئی این پی)ہلیری کلنٹن نے واشنگٹن ڈی سی میں برنی سینڈرز کو شکست دے کر صدارتی نامزدگی کا آخری مقابلہ بھی جیت لیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اورلینڈو فائرنگ واقعے کے بعد ری پبلکن ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹ ہلیری کلنٹن پر معمولی برتری حاصل کرلی ہے، تاہم ہلیری کلنٹن اب بھی بارہ پوائنٹس کے ساتھ ٹرمپ سے آگے ہیں۔واشنگٹن ڈی سی میں پرائمری انتخابات میں ہلیری کلنٹن اناسی فیصد ووٹ لے کر کامیاب ہوگئیں ہیں، جبکہ ان کے مخالف امیدوار برنی سینڈرز اکیس فیصد ووٹ حاصل کرسکے۔ واشنگٹن ڈی سی پرائمری کے ساتھ ہی صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کا انتخابی عمل مکمل ہوگیا ہے۔ ہلیری کلنٹن کی نامزدگی کا باقاعدہ اعلان آئندہ ماہ پارٹی کنونشن میں کیا جائے گا۔دوسری جانب اورلینڈو فائرنگ واقعے نے امریکی صدارتی انتخابی مہم پر بھی اثر ڈالا ہے، حملے کے بعد جاری کیے گئے پانچ روزہ سروے کے نتائج کے مطابق ہیلری کلنٹن کو چوالیس اعشاریہ چھ فیصد ووٹرز اور ڈونلڈ ٹرمپ کوتینتیس فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہے، تاہم ہیلری کلنٹن اب بھی گیارہ اعشاریہ چھ پوائنٹس کے ساتھ ٹرمپ سے آگے ہیں۔