واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی شہر اورلینڈو کے ہم جنس پرست نائٹ کلب کے حملہ آور کی اہلیہ پر حملے کے سلسلے میں فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے ،امریکی ٹی وی کے مطابق استغاثہ نے حملہ آور عمر متین کی اہلیہ نور سلمان سے تفتیش کے لیے ایک گرینڈ جیوری بلائی ہے۔اطلاعات کے مطابق نور سلمان نے پولیس کو بتایا کہ پلس نائٹ کلب پر حملے سے باز رکھنے کے لیے انھوں نے اپنے شوہر سے بات کی تھی۔ استغاثہ نے کہا ہے کہ نور سلمان پر 49 افراد کے قتل اور 53 افراد کو قتل کرنے کی کوشش میں تعاون اور متوقع حملے کے بارے میں حکام کو مطلع نہ کرنے کے لیے فردِ جرم عائد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ایسا ممکن ہے کہ متین نے کلب کے اندر سے اپنی اہلیہ کو اس وقت فون کیا تھا جب وہاں لوگوں کو ہلاک کیا جا رہا تھا۔نور سلمان سے اتوار کے بعد سے تفتیش کی جا رہی ہے لیکن انھیں ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔اس پوچھ گچھ کی تفصیلات امریکی سینیٹر اینگس کنگ کو دی گئی ہیں جو سینیٹ انٹلیجنس کمیٹی کے رکن ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ بظاہر ایسا نظر آتا ہے کہ انھیں اس بات کا علم تھا کہ وہاں کیا ہو رہا ہے،؟انھوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں وہ یقینی طور پر ایک ایسی فرد ہیں جو بظاہر اس میں تعاون کرتی نظر آتی ہیں اور ہمیں بعض اہم معلومات فراہم کر سکتی ہیں۔