واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے ممکنہ امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اخبار واشنگٹن پوسٹ کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اس اخبار کو جھوٹا اور بے ایمان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن پوسٹ کی نا قابل یقین حد تک غلط خبروں کی وجہ سے اس اخبار کا کوئی نمائندہ ان کی انتخابی مہم میں ان کے ساتھ نہیں ہو گا۔ ٹرمپ نے اس سلسلے میں پہلے سے جاری کردہ ایک اجازت نامہ منسوخ کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مدیر اعلٰی مارٹن بیرن نے ٹرمپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ غیر جانبدارانہ صحافتی کام میں مداخلت کر رہے ہیں۔