لندن (مانیٹرنگ )امریکی صدر اوباما نے اورلینڈو حملے کو دہشت گردی قرار دے دیا ۔ ملک بھر میں تین دن سوگ کا اعلان کر دیا گیا۔برطانوی نشریاتی ادار ے نے دعویٰ کیاہے کہ امریکی ریاست فلوریڈا میں نائٹ کلب میں حملہ کرنے والے عمر متعین کا تعلق داعش سے تھا ۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کا کہناہے کہ حملہ آور کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ اس کا رحجان اسلامی شدت پسندی کی جانب تھا،اس کی عمر 29 برس ہے۔امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں پولیس کے مطابق ہم جنس پرستوں کے ایک نائٹ کلب میں فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔اورلینڈو کے میئر نے اس حملے کے بعد شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔پولیس نے کہا کہ اس کے اہلکاروں نے واقعے کے تین گھنٹے بعد شہر کے وسط میں واقع پلس کلب میں داخل ہو کر حملہ آور کو ہلاک کر دیا جس نے کئی افراد کو یرغمال بنا رکھا تھا۔پولیس نے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیا ہے تاہم یا معلوم نہیں کہ آیا حملہ آور کا تعلق امریکہ ہی سے تھا یا کسی اور ملک سے۔