بیجنگ(این این آئی)چینی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ ین پی ٹی پر دستخط نہ کرنے والے ممالک بھی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شامل ہونا چاہتے ہیں تاہم اس حوالے سے بیجنگ کا موقف بالکل واضح ہے۔چین کا موقف ہے کہ کوئی بھی ایسا ملک جس نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط نہ کئے ہوں اسے نیو کلیئر سپلائرز گروپ میں شامل نہیں ہونا چاہئیبیجنگ میں این ایس جی میں شمولیت کے حوالے سے پاکستان کی حمایت اور بھارت کی مخالفت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ ویانا میں این ایس جی گروپ کا غیر سرکاری اجلاس ارجنٹینا کے سفیر کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں بھارت سمیت کسی بھی ملک کو این ایس جی کی رکنیت سے متعلق کوئی ایجنڈا شامل نہیں تھا، اجلاس میں کوئی فیصلہ نہیں ہونا تھا بلکہ صرف ممبر ممالک سے این ایس جی میں شمولیت کے حوالے سے رائے طلب کی گئی تھی، ممبران کی رائے پرمشتمل رپورٹ رواں ماہ کے آخر میں جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیؤل میں ہونے والے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔چینی حکام کے مطابق این پی ٹی پر دستخط نہ کرنے والے ممالک بھی نیو کلیئر سپلائرز گروپ میں شامل ہونا چاہتے ہیں تاہم این پی ٹی معاہدے پر دستخط نہ کرنے والے ممالک کے حوالے سے چین کا موقف یکساں ہے۔واضح رہے کہ چین کا موقف ہے کہ کوئی بھی ایسا ملک جس نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط نہ کئے ہوں اسے نیو کلیئر سپلائرز گروپ میں شامل نہیں ہونا چاہئے۔