دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)غیرمجازجاسوس طیارے کی پروازکے باعث دبئی ائیرپورٹ کو کچھ دیر کے لیے بند کردیاگیا تاہم ڈرون طیارہ قبضے میں لیکر ائیرپورٹ کی فضائی حدودبحال کردی گئی جبکہ حکام ڈرون طیارے کے مالک کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں،غیرملکی خبرساں ادارے کے مطابق دبئی میں ایئرپورٹ حکام کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ ایک غیر مْجاز ڈرون (بغیر پائلٹ) طیارے کی سرگرمی کی وجہ سے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی فضائی حدود کو 69 منٹوں کے لیے بند کر دیا گیا جس کی وجہ سے فضائی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔ بیان کے مطابق ایئرپورٹ کو دوبارہ کھول دیا گیا۔دبئی پولیس کے جنرل کمانڈر بریگیڈیئر جنرل خمیس مطر نے بتایا کہ دبئی ایئرپورٹ کی فضائی حدود کی بندش کا سبب بننے والے ڈرون طیارے کے مالک کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ شہری ہوابازی کے ادارے کی جانب سے اجازت نامے کے بغیر ڈرون طیارے نہیں اڑائے جاسکتے اور بنا اجازت ایسا کرنا جرم شمار ہوتا ہے کیوں کہ اس سلسلے میں موجود قانونی اقدامات اور شرائط کو پورا نہیں کیا گیا ہوتا۔اتوار کے روز اماراتی اخباروں نے بتایا کہ ایئرپورٹ کی بندش کے نتیجے میں متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور دیگر کئی پروازوں کا رخ تبدیل کیا گیا۔ گزشتہ 18 ماہ کے دوران یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے ۔ایئرپورٹ کے احاطے میں ڈرون طیاروں کے اڑانے پر پابندی ہے۔ شہری ہوابازی کے حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔یاد رہے کہ دبئی ایئرپورٹس کمپنی کی جانب سے ہفتے کے روز جاری بیان میں باور کرایا گیا ہے کہ امن و سلامتی اس کی اولین ترجیح ہے اور اسی بنیاد پر ڈرون طیارے استعمال کرنے والے تمام افراد کو یا دہانی کرائی جاتی ہے کہ متعلقہ حکام کی اجازت کے بغیر ان طیاروں کا استعمال مکمل طور پر ممنوع ہے۔یہ بھی معلوم رہے کہ کہ ممنوعہ علاقوں بالخصوص کسی بھی ایئرپورٹ اور لینڈنگ کے علاقے کے 5 کلومیٹر احاطے میں، کسی بھی قسم کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوتی۔