واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) داعش کے خلاف لڑائی میں صدر براک اوباما کے خصوصی ایلچی نے کہا ہے کہ تنظیم کی حیثیت سے دہشت گرد گروپ زوال کی طرف گامزن ہے۔ اْنھوں نے کہا کہ عراق میں گروپ کا تقریباً 50 فی صد رقبہ چھینا جا چکا ہے، جس میں ترکی سے ملنے والا سرحدی خطہ بھی شامل ہے۔بریٹ مک گرک نے وائٹ ہاؤس کے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ داعش کے لڑاکوں کی ’’ہمت جواب دیتی جارہی ہے‘‘، جب کہ خود اْن کے وڈیوز سے پتا چلتا ہے کہ ’’اْن کے رہنما میدانِ جنگ میں اپنے ہی لڑاکوں کے سر قلم کر رہے ہیں اور ساتھ ہی بھگوڑوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے‘‘۔اْنھوں نے بتایا کہ داعش کے پروپیگنڈہ بیانات میں یہ بات تسلیم کی گئی ہے کہ اْن کا فتوحہ علاقہ واپس لیا جا رہا ہے، جب کہ بھرتی کے خواہش مندوں سے کہا گیا ہے کہ شام کی جگہ وہ لیبیا کا رْخ کریں۔