برسلز ( نیوز ڈیسک) یورپی یونین نے لیبیا کے تنازعے کے سیاسی حل کی راہ میں رکاوٹ بننے کے الزام میں لبیبا کے 3 سیاستدانوں پر پابندیاں عائد کر دیں۔جرمن ذرائع ابلاغ مطابق یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں تشکیل پانے والی عبوری حکومت کے سربراہ فائز سراج کے اپنا عہدہ سنبھالنے کے لیے طرابلس پہنچنے کے چند روز بعد کیا گیا ہے۔ فائز سراج کے مطابق اقوام متحدہ کی ثالثی میں بننے والی حکومت کو نہ تو طبروق میں موجود اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پارلیمان قبول کر رہی ہے اور نہ ہی طرابلس کو کنٹرول کرنے والی انتظامیہ۔ جن سیاستدانوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، ان میں طبروق کی منتخب پارلیمنٹ کے سپیکر کے ساتھ ساتھ طرابلس میں قائم حکومت کے سربراہ بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ فائز سراج طرابلس ایئر پورٹ کے استعمال کی اجازت نہ ملنے پر بدھ کے روز کشتی کے ذریعے طرابلس پہنچے تھے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ آئندہ چند روز میں اپنی کابینہ کا اعلان کریں گے۔