برسلز(نیوز ڈیسک) بیلجیم کی پولیس نے رات بھر چھاپے مارتے ہوئے برسلز بم دھماکوں میں ملوث ہونے کے شبے میں سات افراد کو گرفتار کر لیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق بیلجیم کے وفاقی دفتر استغاثہ نے بتایا کہ دارالحکومت برسلز اور اس کے مضافات میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ شب چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب بیلجیم کے سرکاری نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا کہ جمعے کی صبح ایک ساتویں ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔داعش کے خودکش حملہ آوروں نے منگل کے روز برسلز ایئرپورٹ اور میٹرو ٹرین پر خونریز حملے کرتے ہوئے کم از کم اکتیس افراد کو ہلاک جبکہ تقریبادو سو ستر افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ بیلجیم کے مقامی میڈیا کے مطابق جمعے کے روز اس مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، جو ایئر پورٹ پر حملوں کے وقت دو خودکش بمباروں کے آگے چل رہا تھا اور اسے سکیورٹی کیمروں کی مدد سے پہچانا گیا ہے۔ تاہم پراسیکیوٹرز نے اس شخص کی گرفتاری کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فی الحال اس بارے لاعلم ہیں کہ سات افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔