لندن (نیوز ڈیسک) صرف ایک سال میں برطانیہ کے لیے اسائلم سیکر درخواستوں کی تعداد میں20فیصد اضافہ ہوگیا۔ یہ انکشاف آفس فار نیشنل سٹیٹیٹکس کے اعداد و شمار سے ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ2015ء میں درخواستوں کی تعداد32ہزار سے بڑھ کر39ہزار ہوگئی۔ ارٹیریا سب سے آگے رہا، جس کے بعد ایرانی، پاکستانی، سوڈانی اور شام درخواست دہندگان ہیں۔ یہ اسائلم کے لئے درخواستوں کی تعداد میں5واں مسلسل سالانہ اضافہ ہے۔ جسے یورپ میں پناہ گزینوں کے بحران اور کیلے مائیگرنٹ کیمپس کی صورت حال سے مہمیز ملی ہے۔ اس ہفتے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس سال اب تک ایک لاکھ10ہزار افراد سمندری راستے سے اٹلی یا یونان پہنچ چکے ہیں اور اس طرح ان کی رفتار2ہزار یومیہ رہی اور ماہرین نے اس میں اضافے کی وارننگ دی ہے۔ یورپی یونین کے بارڈرز چیف فبرس لگیری نے وارننگ دی ہے کہ اس سال مزید دس لاکھ تارکین کے یورپ آنے کی توقع ہے۔ جس سے پناہ کے لئے درخواستوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔