واشنگٹن(نیوزڈیسک)امریکی محکمہ انصاف کو سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے خلاف مجرمانہ غفلت کی کارروائی شروع کرنے سے متعلق درخواست موصول ہوگئی ہے۔امریکی اخبار کے مطابق امریکی انسپکٹر جنرل آف انٹیلی جنس کمیونٹی نے امریکی کانگریس کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے اپنے دورِ اقتدار میں ذاتی ای میل اکاؤنٹس سے 4 ایسی ای میلز کی تھیں جن میں خفیہ اطلاعات موجود تھیں۔ ہیلری کلنٹن نے یہ ای میل اس وقت کی جب وہ امریکی وزیر خارجہ کے منصب پر فائز تھیں۔ ہیلری کلنٹن کی جانب سے کی گئیں ای میلزمیں انٹیلی جنس کمیونٹی کی خفیہ معلومات تھیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس کی ترجمان نے بتایا ہے کہ کل ملا کر 30 ہزار ای میلز ایسی ہوسکتی ہیں جن میں خفیہ مواد ہو۔ اس خط میں سفارش کی گئی ہے کہ ہِیلری کلنٹن کے خلاف کیس ایف بی آئی کو بھیجا جائے۔ہیلری کلنٹن اس حوالے سے کہہ چکی ہیں کہ انہوں نے ایسی کوئی ای میل نہیں کی جس میں خفیہ مواد ہو۔