اسلام آباد(نیوزڈیسک)یمن میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اقوام متحدہ اور سوئٹزرلینڈ کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنیوا مذاکرات میں شرکت کے لیے آئے حوثی وفد اور علی صالح کے حامیوں کو انسانی حقوق کی پامالی کی پاداش میں “عالمی اشتہاری” قرار دے کر انہیں گرفتار کریں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق انسانی حقوق کی غیرسرکاری تنظیموں کی جانب سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن میں سابق صدر علی صالح اور شیعہ مسلک کے حوثی باغی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے مرتکب ہوئے ہیں۔یمن کے انسانی حقوق کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق گروپوں نے علی صالح اور حوثی گروپ کے سربراہ عبدالملک الحوثی اور ان کے معاونین کو عالمی اشتہاریوں میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔انسانی حقوق کے گروپوں نے یمن کے علاقوں عدن، تعز، ضالع اور لحج میں حوثیوں اور علی صالح کی حامی ملیشیا کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں اور نہتے شہریوں کے قتل عام کے ثبوت بھی اقوام متحدہ کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔