کابل(نیوز ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش حملہ آور نے خود کو ترک سفارت خانے کی گاڑی سے ٹکرا دیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ جمعرات کی صبح 8 بجے کے قریب ایک خود کش حملہ آور نے ترک سفارت خانے کی گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے۔ جس مقام پر دھماکا ہوا وہ ایرانی سفارت خانے کے قریب واقع ہے۔ کابل پولیس کے ترجمان حشمت استانکزئی نے واقعے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ٹوئیوٹا کرولا میں موجود خودکش بمبار نے ترک سفارت خانے کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ کابل پولیس چیف عبدل الرحمان رحیمی نے واقعے میں دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک ترک شہری جبکہ ایک افغان راہ گیر شامل ہے۔ دوسری جانب طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ایک خودکش بمبار نے مرکزی کابل میں غیر ملکی قافلے کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔ واضح رہے کہ 13 سال بعد گزشتہ برس دسمبر میں غیر ملکی اتحادی افواج کے افغانستان سے انخلاء کے بعد یہاں شدت پسندوں کی جانب سے بم دھماکوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ رواں برس جنوری میں بھی یورپی یونین پولیس کے قافلے کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔