بریدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) قصیم محکمہ ٹریفک نے موٹر سائیکل سے سگنل توڑنے والے ہندوستانی تارک وطن پر 3ہزار ریال تقریباََ(88000 روپے سے زائد) جرمانہ کر دیا۔ باخبرذرائع نے اطلاع دی ہے کہ الرس کے ٹریفک حکام نے ایک ہندوستانی پر اس وقت 3ہزار ریال کا جرمانہ عائد کردیا جو سرخ بتی کونظرانداز کر کے موٹر سائیکل دوڑاتے ہوئے نکل گیا تھا۔ ذرائع نے توجہ دلائی کہ
ٹریفک قانون کے بموجب مذکورہ جرمانہ لگایا جا سکتا ہے۔ جس میں صراحت کی گئی ہے کہ موٹرسائیکل چلانے والوں پر بھی سگنل توڑنے پر اسی طرح جرمانہ ہو گا جس طرح کہ گاڑیوں کے ڈرائیوروں پر کیا جاتا ہے۔ موٹر سائیکل سواروں پر یہ پابندی بھی ہے کہ وہ راستے کے بیچوں بیچ یا بائیں جانب موٹرسائیکل نہ چلائیں۔ انہیں زگ زیگ انداز میں موٹرسائیکل چلانے کی بھی اجازت نہیں۔