لاہور۔۔۔۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مخدوم شہاب الدین نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی اور سابق صدر آصف علی زرداری ہی ن۔لیگ کی حکومت کو آخری دھکا دیں گے۔انہوں نے یہ بیان پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر اتوار کو یہاں بلاول ہاؤس میں کارکنوں سے خطاب کے دوران دیا۔ذرائع نے بتایا کہ خطاب ختم ہونے پر زرداری نے شہاب الدین کو بلایا اور کہا کہ انہیں ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔یوم تاسیس کے موقع پر بعض کارکنوں کو شریک چیئرمین کے سامنے بات کرنے کی بھی اجازت دی گئی۔اس موقع پر کارکنوں نے شکایت کی کہ پارٹی رہنما انہیں عزت نہیں دیتے۔حتی ٰکہ کچھ کارکنوں نے شکایتوں پر کان نہ دھرنے پر جہانگیر بدر اور منظور وٹو کے خلاف نعرے بھی لگائے۔