شارجہ۔۔۔۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کی پہلی اننگز جاری ہے۔اس وقت کریز پر محمد حفیظ اور اظہر علی موجود ہیں اور بلے بازی کے لیے سازگار دکھائی دینے والی پچ پر پاکستان نے اب سے کچھ دیر قبل تک ایک وکٹ کے نقصان پر 117 رنز بنا لیے ہیں۔حفیظ نے اس دوران ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 11ویں نصف سنچری بھی بنائی ہے۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 70 رنز سے زیادہ کی شراکت ہو چکی ہے۔شارجہ میں کھیلنے جانے والے اس میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور محمد حفیظ نے اننگز شروع کی اور 43 رنز کی شراکت قائم کی۔اس موقع پر مارک کریگ نے شان مسعود کو بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلوائی۔اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔پہلے ٹیسٹ میں ان فٹ ہونے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ کی ٹیم میں اوپنر توفیق عمر کی جگہ واپسی ہوئی ہے جبکہ احسان عادل کی جگہ فاسٹ بولر محمد طلحہ کو ملی ہے۔نیوزی لینڈ نے اس ٹیسٹ کے لیے اپنی ٹیم میں تین سپنر کھلائے ہیں اور تجربہ کار آف سپنر ڈینیئل ویٹوری ڈھائی سال کے وقفے کے بعد ٹیسٹ میچ میں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔انھیں نیشم کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستان کو اس ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے۔ابوظہبی میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان نے 248 رنز سے جیتا تھا جبکہ دبئی میں کھیلا گیا دوسرا میچ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد بینتیجہ رہا تھا۔