اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے اہم سہولت متعارف کرا دی گئی،
اب سرکاری ہسپتالوں سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ مفت حاصل کیا جا سکے گا۔سی ٹی او لاہور کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے لیے مفت طبی معائنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے شہر کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں 13 خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔مفت میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے مراکز میں ڈی ایچ کیو میاں میر ہسپتال، ڈی ایچ کیو مزنگ، جنرل ہسپتال غازی آباد، تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال سبزہ زار، گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد، گورنمنٹ جنرل ہسپتال قلعہ گجر سنگھ، گورنمنٹ جنرل ہسپتال شاہدرہ اور تحصیل ہیڈکوارٹرز بلال گنج شامل ہیں۔اسی طرح گورنمنٹ ہسپتال سوڈیوال، تحصیل ہیڈکوارٹرز کاہنہ، تحصیل ہیڈکوارٹر رائے ونڈ اور گورنمنٹ آئی اینڈ جنرل ہسپتال سوامی نگر شالیمار میں بھی شہریوں کو یہ سہولت دستیاب ہوگی۔سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے امیدواروں کے علاوہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس کی روک تھام اور تصدیقی عمل کو شفاف بنانے کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈرائیونگ لائسنس مینجمنٹ سسٹم (DLIMS) کو محکمہ صحت کے آن لائن نظام سے منسلک کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
نئے نظام کے تحت میڈیکل فٹنس کی رپورٹ براہِ راست محکمہ صحت کے پورٹل پر اپ لوڈ کی جائے گی، جس سے سرٹیفکیٹ کی آن لائن تصدیق ممکن ہو سکے گی۔ ٹریفک پولیس اور محکمہ صحت کے درمیان ریئل ٹائم ڈیٹا شیئرنگ سے تصدیقی عمل کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق آن لائن میڈیکل ویری فکیشن کے ذریعے نظام میں شفافیت اور جوابدہی بہتر ہوگی، جبکہ جعلی دستاویزات اور بدعنوانی کے امکانات بھی کم ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو آسان، جدید اور سہل سرکاری خدمات فراہم کرنا ہے۔



















































