لاہور (این این آئی)پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کے لیے نیا میکنزم متعارف کروا دیا گیا، ستھرا پنجاب اتھارٹی اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے درمیان سروس لیول ایگریمنٹ پر دستخط ہوگئے۔ڈی جی ستھرا پنجاب عمر جاوید اور ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے سروس لیول ایگریمنٹ پر دستخط کیے، تقریب میں ایڈیشنل ڈی جی رضوان الحق، ایڈیشنل ڈی جی احمد سعید سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔معاہدے کے تحت ایکسائز ڈیپارٹمنٹ پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ صفائی فیس کی وصولی بھی یقینی بنائے گا۔ گھر گھر سروے، صفائی بلوں کی پرنٹنگ اور بلوں سے متعلق شکایات کے ازالے کی ذمہ داری بھی محکمہ ایکسائز کی ہوگی۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق پنجاب بھر کے شہری علاقوں میں یکساں صفائی فیس کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔رہائشی گھروں کے لیے ماہانہ صفائی فیس کا شیڈول بھی مقرر کردیا گیا ہے۔ 5مرلہ تک کے گھروں سے 300روپے، 5سے 10مرلہ تک 500روپے، 10سے 20مرلہ تک ایک ہزار روپے، 20سے 40مرلہ تک 2ہزار روپے جبکہ 40مرلہ سے بڑے گھروں سے 5 ہزار روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔کمرشل یونٹس کے لیے چھوٹے یونٹس سے 500 روپے، درمیانے یونٹس سے ایک ہزار روپے جبکہ بڑے کمرشل یونٹس سے 3ہزار روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔محکمہ ایکسائز صفائی فیس کی وصولی کے عوض ایک فیصد سروس چارجز وصول کرے گا۔



















































