کوئٹہ (نیوز ڈیسک)بلوچستان حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی اور ایندھن کی بچت کے لیے متعدد نئے اقدامات نافذ کرنے کا اعلان کردیا، جن پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔
جاری اعلامیے کے مطابق سرکاری گاڑیوں کے لیے مختص ایندھن کی مقدار آئندہ 3 ماہ کے لیے نصف کردی جائے گی، جبکہ نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری اور غیر ملکی دوروں پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
حکومت نے سرکاری عشائیوں، سیمینارز اور کانفرنسز کے انعقاد پر بھی پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن اس اقدام سے مستثنیٰ ہوں گی، جبکہ دیگر سرکاری اخراجات میں 5 فیصد کمی کی جائے گی۔
شادی بیاہ کی تقریبات کے حوالے سے بھی ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کاروباری مراکز، بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کرنا ہوں گے، جبکہ میرج ہالز کے لیے رات 10 بجے اور ریسٹورنٹس کے لیے رات 11 بجے بندش کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
تاہم فارمیسیز، اسپتال، پیٹرول پمپس اور ڈیری شاپس کو مقررہ اوقات کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
بلوچستان حکومت کے مطابق یہ تمام کفایت شعاری اور ایندھن بچت اقدامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔



















































