اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) بھارت کی معروف ریفائنری نیارا انرجی کو سعودی عرب اور عراق کی سرکاری تیل کمپنیوں کی جانب سے خام تیل کی سپلائی معطل کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سے جولائی میں روسی حمایت یافتہ کمپنی پر عائد پابندیوں کے بعد سامنے آیا۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، اگست کے دوران نیارا انرجی نے اپنی تمام تیل کی درآمدات صرف روسی سپلائی سے پوری کیں۔
ماضی میں یہ کمپنی ہر ماہ عراق سے تقریباً 20 لاکھ بیرل اور سعودی عرب سے 10 لاکھ بیرل تیل درآمد کرتی تھی، مگر گزشتہ ماہ کسی بھی قسم کی ترسیل نہیں ہوئی۔نیارا انرجی، جو بھارت کی مجموعی ریفائننگ صلاحیت کا تقریباً 8 فیصد حصہ رکھتی ہے، اس وقت پابندیوں کے اثرات کے باعث اپنی ریفائنری کو صرف 70 سے 80 فیصد استعداد پر چلا رہی ہے۔ اس کے نتیجے میں ایندھن کی فراہمی میں بھی رکاوٹیں درپیش ہیں۔