اسلا م آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان کے لیے ایک اہم پیش رفت میں، برطانیہ نے اپنی فضائی حدود میں پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندی کو ختم کر دیا ہے۔برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق اب پاکستانی ایئرلائنز برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن کی اجازت حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتی ہیں، تاہم اُنہیں برطانیہ کے سول ایوی ایشن اتھارٹی (UK CAA) سے باقاعدہ منظوری لینا ہوگی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ ایک مکمل آزاد اور تکنیکی جائزے کے بعد کیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستانی ایئرلائنز کو سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا۔
پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’میں خود بھی کسی پاکستانی ایئرلائن کے ذریعے سفر کرنے کی منتظر ہوں۔ یہ پیش رفت پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطوں کو بہتر بنائے گی، جس سے خاندانوں کو آپس میں ملنے میں آسانی ہوگی۔‘‘یاد رہے کہ مئی 2020 میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے بعد اس وقت کے وزیر ہوابازی کی جانب سے پائلٹس کی جعلی ڈگریوں سے متعلق بیان سامنے آیا تھا، جس کے نتیجے میں یورپی ممالک اور برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔حکومت پاکستان کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں یورپی یونین نے نومبر 2023 میں یہ پابندیاں ختم کر دی تھیں، اور اب برطانیہ کی جانب سے بھی اسی نوعیت کا مثبت فیصلہ سامنے آ چکا ہے۔