اسلام آباد (نیوز ڈیسک)حال ہی میں سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس پر ایک خبر تیزی سے گردش کر رہی ہے جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان 2025 کے آخر تک کرنسی نوٹوں کا نیا ڈیزائن متعارف کرانے جا رہا ہے۔ افواہ کے مطابق 10، 20، 50، 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے نوٹوں کے نئے ڈیزائن جاری کیے جائیں گے۔تاہم فیکٹ چیک سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ یہ خبر سراسر من گھڑت ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس کی باقاعدہ تردید کرتے ہوئے ایسی خبروں کو غلط اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔اسٹیٹ بینک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ “نہ تو کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی تبدیلی کا کوئی منصوبہ زیر غور ہے اور نہ ہی پولیمر نوٹوں کے تجربے کی کوئی تیاری کی جا رہی ہے۔” ترجمان کے مطابق وہ تمام کرنسی نوٹ جو 2005 سے 2008 کے دوران جاری کیے گئے تھے، بدستور قانونی اور قابل استعمال ہیں۔سوشل میڈیا پر یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ 2024 میں ایک خفیہ آرٹ مقابلہ منعقد کر کے نئے ڈیزائن منتخب کیے گئے ہیں، جن میں علامہ اقبال کی شاعری اور چمکدار نقشے بھی شامل ہوں گے۔
تاہم اسٹیٹ بینک نے ان تمام باتوں کو بے بنیاد اور فرضی قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر رد کر دیا ہے۔مرکزی بینک نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ ایسی جھوٹی معلومات دھوکہ دہی اور مالی نقصان کا باعث بن سکتی ہیں۔ اسٹیٹ بینک نے مزید بتایا کہ وہ سائبر کرائم اداروں کے ساتھ مل کر ان عناصر کی نشاندہی کر رہا ہے جو سوشل میڈیا پر یہ جعلی خبریں پھیلا رہے ہیں۔واضح رہے کہ فی الوقت پاکستان میں گردش کرنے والے کرنسی نوٹ مکمل طور پر قابل استعمال ہیں اور 2025 میں کسی بھی نئے ڈیزائن کے نوٹوں کے اجرا کی کوئی صداقت نہیں۔