اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے شدید گرمی کے پیش نظر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات اور یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں اعلان کیا کہ 28 مئی سے اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں شروع ہوں گی، جبکہ اسی روز یعنی یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل بھی دی جائے گی۔
مزید برآں، گرمی کی شدت کے پیش نظر اسکولوں کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ وزیر تعلیم کے مطابق 28 مئی تک تمام سرکاری اسکولوں میں مختصر دورانیے کی کلاسز منعقد کی جائیں گی۔ اس دوران اسکول صبح 7 بج کر 30 منٹ سے 11 بج کر 30 منٹ تک کھلے رہیں گے۔
یہ اقدام طلبہ اور اساتذہ کی صحت و حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاکہ گرمی کے مضر اثرات سے بچاؤ ممکن ہو۔ پنجاب حکومت کے مطابق تعطیلات کا نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔