اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عالمی منڈی میں قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لینے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کیا ہے۔
حکومت کے فیصلے کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے کی معمولی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 254 روپے 63 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل پیٹرول 255 روپے 63 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔
دوسری جانب، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ بدستور 258 روپے 64 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 29 مارچ 2025 سے ہوگا۔