لاہور( این این آئی)پاکستان میں سولر پینل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان جاری ہے ۔ماہرین کے مطابق سولر پینل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ حکومت کی نیٹ میٹرنگ پالیسی میں ترمیم ہے،اس پالیسی کے بعد ڈیمانڈ میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ پاکستان میں سپلائی کافی زیادہ ہے۔ماہرین کے مطابق سولر پینلز کی قیمتوں میں 5 روپے فی واٹ کے حساب سے کمی ہوئی ہے اور عید کے بعد سولر پینلز کی قیمت میں مزید 2 سے 3 روپے فی واٹ کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔
چیئرمین پاکستان سولر ایسوسی ایشن وقاص ایچ موسی نے بتایا کہ سولر پینلز کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے لیکن یہ سیزنل ہوتی ہے کیونکہ 1 سے 2 روپے اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے۔ ابھی پاکستان میں رمضان چل رہا ہے اور رمضان میں سولر کا کام ٹھنڈا ہی ہوتا ہے جس کی وجہ سے قیمتوں میں کمی آ جاتی ہے۔ امید ہے رمضان کے بعد یہ قیمت دوبارہ اوپر چلی جائے گی، بہت زیادہ قیمت اوپر جانے کی توقع تو نہیں ہے۔ بس معمولی اضافہ ہوگا،اس کی ایک خاص وجہ چائنا میں سولر پینل کی قیمتوں میں کمی بھی ہے۔ڈائریکٹر ری انرجی شرجیل احمد سلہری کے مطابق سولر پینل کی قیمتوں میں تقریباً7 سے 8 فیصد تک کی کمی ہوئی ہے اور اس کی وجہ سولر پینلز کی بہت بڑی تعداد میں امپورٹ ہے اور دوسرا چائینیز نیو ایئر کی آنے والی چھٹیاں بھی ایک وجہ ہیں۔