لاہور(این این آئی)ملک کے کئی شہروں میں چینی کی قیمت 185سے200 روپے کلو کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی،دوسری جانب مسابقتی کمیشن نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر ممکنہ کارٹلائزیشن کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ جاری کردی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق مختلف مقامات پر کھلی چینی 180 سے 185 روپے فی کلو جبکہ پیکنگ والی چینی 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
شوگر ملز مالکان، ڈیلرز اور ریٹیلرز قیمتوں میں اضافے کے لیے ایک دوسرے کو ذمہ دار قرار دے رہے ہیں تاہم کسی بھی فریق کی جانب سے باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔نجی ٹی وی کے مطابق مسابقتی کمیشن نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر ممکنہ کارٹلائزیشن کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ جاری کردی۔ مسابقتی کمیشن نے گنے کی امدادی قیمتوں کا نظام ختم کر کے مارکیٹ بیسڈ میکانزم متعارف کرانے کا مشورہ دیا ہے ، حکومت چینی کی مارکیٹ میں مداخلت کم کرے اور قیمتوں کا تعین طلب و رسد کے اصولوں پر چھوڑا جائے۔مختلف عدالتوں میں کارٹلائزیشن کیسزمیں چینی سے متعلق 127 مقدمات زیر التوا ء ہیں ۔سپریم کورٹ میں 24، لاہور ہائیکورٹ میں 25، سندھ ہائیکورٹ میں 6 اور سی اے ٹی میں 72 کیسز زیر التوا ء ہیں ۔