کراچی(این این آئی)عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں بدھ کو بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی سطح پر مہنگائی بڑھنے کے خدشات، مختلف ممالک کی اپنے سونے کے ذخائر بڑھانے کے لیے دھڑا دھڑ گولڈ کی خریداری سرگرمیوں کے باعث بین الاقوامی اور مقامی سطح پر سونے کی قیمتیں یومیہ بنیادوں پر نئے ریکارڈز بنارہی ہیں۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 16ڈالر کے اضافے سے 3038ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچنے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی بدھ کو 24قیراط کا حامل فی تولہ سونے کی قیمت 1650روپے کے اضافے سے 3لاکھ 19ہزار روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی.اس کے علاوہ فی 10گرام سونے کی قیمت بھی 1415روپے کے اضافے سے 2لاکھ 73ہزار 491روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 3555روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 3047 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔