کراچی(این این آئی)ترکیہ کے ساتھ باہمی تجارت کے حجم کو 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کے شعبہ جاتی معاہدوں، حکومت کی جانب سے نج کاری پلان پر عمل درآمد اور آئی ایم ایف کے پاکستانی معیشت اور اصلاحات پروگرام پر اعتماد کے اظہار سے جمعہ کو ایک بار پھر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مہنگا ہوگیا۔زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں تسلسل سے کمی، ترسیلات زر 3ارب ڈالر تک محدود رہنے اور معیشت میں زرمبادلہ کی طلب کو دونوں مارکیٹوں نے نظرانداز رکھا۔
برآمدات میں بتدریج اضافے اور مثبت معاشی سینٹی منٹس کے سبب انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 24پیسے کی کمی سے 279روپے 02پیسے کی سطح پر بھی آگئی۔اس دوران معیشت میں طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 06پیسے کی کمی سے 279روپے 20پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 03پیسے کی کمی سے 281روپے 07پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔