کراچی(این این آئی)پراپرٹی سیکٹر کیلئے بڑا ریلیف دے دیا گیا،نئے اور پرانے بنگلے اور فلیٹس کی ویلیوایشن میں فرق دوبارہ لاگو کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایف بی آر کی جانب سے کراچی کیلئے جائیداد کی قیمتوں پر نظرثانی کے بعد ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ ایف بی آر نے کراچی سے متعلق 29اکتوبر 2024کے نوٹیفکیشن میں ترامیم کردیں۔ کراچی میں 5سے 10سال پرانے گھر کی ویلیو 5فیصد کم تصور ہوگی۔
اسی طرح کراچی میں 10سے 15سال پرانے گھر کی ویلیو 7.5فیصد جبکہ 15سے 20سال پرانے گھر کی ویلیو 10فیصد کم تصور ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق 25سال پرانے گھر کی ویلیو پلاٹ کے برابر ہوگی۔ایف بی آر کے مطابق کراچی میں 5سے 10سال پرانے فلیٹ کی ویلیو 10فیصد کم تصور ہوگی۔کراچی میں 10سے 15سال پرانے فلیٹ کی ویلیو 20فیصد کم تصور ہوگی جبکہ 20سے 30سال پرانے فلیٹ کی ویلیو 30فیصد کم تصور ہوگیاسی طرح کراچی میں 30سال سے زائد پرانے فلیٹ کی ویلیو 50فیصد کم تصور ہوگی۔سینئر پراپرٹی وکیل عمران میگرانی نے کہاہے کہ ویلیوایشن کم ہونے سے خریدار اور فروخت کنندہ کو ٹیکس کم دینا ہوگا۔