اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نئے مالی سال 2018-19ء کے آٹھویں ماہ ( فروری 2019ء ) کے پہلے عشرے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریئے میں 0.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان بیور و شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 10 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ٹماٹر، آلو، پیاز ،کیلے، گندم، آٹا ،دال ماش،چنے کی دال ،مسٹرڈ آئل ،مٹن ،بیف، ویجی ٹیبل گھی ،چینی ،سمیت 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ۔ زندہ مرغی، انڈے، گڑ ،لہسن ،خوردنی تیل، دال مونگ ،دال مسور ،چائے، سرخ مرچ ،پیٹرول ،ہائی سپیڈ ڈیزل، ایل پی جی ، سمیت 13اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق مٹی کاتیل ،گیس نرخ ،بجلی کے نرخ ،نمک ،روٹی سادہ ، تازہ دودھ ، دھی،ملک پاؤڈر،باسمتی چاول ،اری چاول ،سگریٹ ، صابن ، سمیت 28 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزار آمدنی ، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزارآمدنی ، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.33، 0.34 ،0.30 اور 0.25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔